مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکز انتفاضہ و القدس کے سربراہ جنرل رمضان شریف نے کہا ہے کہ ایرانی عوام نے انقلاب اسلامی کی سالگرہ کے موقع پر بڑی تعداد میں ریلیوں میں شرکت کرکے دشمن کو ہمیشہ کی طرح ایک مرتبہ پھر مایوس کردیا ہے۔ رہبر معظم کی رہنمائی میں انقلاب اسلامی اپنے دوسرے مرحلے میں پوری کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے گذشتہ چار مہینوں کے دوران صہیونی غاصب فورسز کے سامنے مقاومت کی کامیابیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں صہیونی مظالم کے بعد دنیا بھر میں اسرائیل کے خلاف نفرت کی آگ بھڑک اٹھی ہے۔ میڈیا اور دوسرے اداروں پر دشمن کے کنٹرول کے باوجود اسرائیلی مظالم دنیا سے چھپ نہیں سکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت رفح پر حملہ کرنا چاہتی ہے لیکن اگر ایسا ہوا تو عالمی سطح پر شدید ردعمل آئے گالہذا رفح پر حملے سے اسرائیل کو فائدے کے بجائے مزید نقصان اور ہزیمت کا سامنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی جنگ طویل ہونے کے باعث فلسطینی عوام کے ساتھ ہمدردی اور حمایت میں کمی نہیں آنا چاہئے۔ میڈیا اور دیگر شعبوں میں غزہ پر صہیونی مظالم اور حملوں کے بارے میں عوام کو اچھی طرح آگاہ کرنا چاہئے۔