مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین ٹی وی چینل کے حوالے سے خبر دی ہے کہ عراق کی عوامی مزاحمتی فورس حشد الشعبی کے سربراہ فلاح فیاض نے حالیہ امریکی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ میں اعلان کیا کہ عراق پر امریکی حملے میں حشد الشعبی کو براہ راست نشانہ بنایا گیا۔ لہذا اس امریکی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ کیونکہ حشد شعبی پر حملہ عراق کی خودمختادی اور سالمیت پر حملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی قابض افواج کو عراق سے نکل جانا چاہیے کیونکہ انہوں نے ہماری مسلح افواج کو نشانہ بنا کر ریڈ لائن عبور کر لی ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہماری افواج سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے وہاں تعینات ہیں اور حشد الشعبی فورسز پر حملہ آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
واضح رہے کہ دہشت گرد امریکی افواج کے مرکزی کمانڈ (CENTCOM) نے ہفتے کی صبح شام اور عراق میں مزاحمتی فورسز پر حملے کئے جس کے نتیجے میں حشد الشعبی کے 16 افراد شہید اور 36 زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری طرف عراق کی مسلح افواج کے ترجمان یحییٰ رسول نے ہفتے کی صبح ملک کے مغرب میں امریکی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان حملوں کا مقصد بغداد حکومت کو کمزور کرنا ہے تاکہ قابض امریکی افواج کی عراق میں موجودگی کے لئے جواز فراہم کیا جا سکے۔