مہر خبررساں ایجنسی نے پیٹرا کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفادی نے کہا: ہم بحیرہ احمر کی صورت حال اور اس کے خطے کی سلامتی پر پڑنے والے اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اردن خطے کی سلامتی اور استحکام پر زور دیتا ہے۔ غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی خطے کی سلامتی کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔
اردنی وزیر خارجہ نے صیہونی حکومت کے غزہ پر مسلسل حملوں کے ذریعے خطے کو جنگ اور کشیدگی کی طرف دھکیلنے اور نیتن یاہو کی وزارت عظمیٰ کو طول دینے کے مقصد سے نئے محاذ کھولنے اور مغرب کو جنگ میں گھسیٹنے کے بارے میں خبردار کیا۔
الصفادی نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے اسرائیل کو غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف گھناؤنے جرائم سے روکنے میں ناکامی نے خطے کی سلامتی کو خطرے سے دوچار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری یا تو اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے اسرائیل کو غنڈہ گردی سے روکے اور معصوم فلسطینیوں اور خطے کی سلامتی کی حمایت کرے یا پھر اس رجیم کے انتہا پسند وزیر اعظم کو جنگ کا دائرہ پھیلا کر خطے کی سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈالنے کی کھلی چھوٹ دے کر تماشائی بنے۔