مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، امریکہ اور برطانیہ نے یمن کے مختلف صوبوں پر میزائل حملے کئے ہیں۔
حملوں کے بعد یمنی مقاومتی تنظیم انصاراللہ نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم کے سیاسی دفتر کے رکن نے کہا ہے کہ امریکہ اور ہمارے درمیان جنگ جلد ختم نہیں ہوگی۔
محمد الفرج نے کہا کہ امریکہ کو تاریخ سے سبق لینا چاہئے۔ امریکہ کی سربراہی میں سعودی اتحاد نے کئی سال تک یمن کے خلاف جارحیت کی لیکن آخر میں ہزیمت آمیز شکست سے دوچار ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ یمن کے خلاف مسلط کردہ آٹھ سالوں پر محیط جنگ کے بعد یمن کمزور ہونے کے بجائے پہلے سے زیادہ طاقتور ہوا ہے لہذا یہ جنگ طویل عرصے تک جاری رہے گی۔
یاد رہے کہ امریکی محکمہ دفاع کے عہدیدار نے کہا تھا کہ یمن پر حملوں کے لئے امریکہ کو برطانیہ، آسٹریلیا، ہالینڈ، بحرین اور کینیڈا کی بھی حمایت حاصل ہے۔