مہر خبررساں ایجنسی نے اسپوتنک کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ موجودہ صدر جو بائیڈن اپنے دور صدارت کے بقیہ 10 ماہ میں تیسری عالمی جنگ کی چنگاری کو ہوا دے کر امریکہ کی تباہی کا سبب بن سکتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ اگر وہ امریکا کے صدر ہوتے تو یوکرین اور غزہ کی جنگ کبھی شروع نہ ہوتی اور انھوں نے جزیرہ نما کوریا کی پوزیشن کو کنٹرول کر رکھا تھا، کیونکہ ٹرمپ کے مطابق بائیڈن کے برعکس وہ عالمی رہنماؤں کے ساتھ بات چیت اور اتفاق کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات اگلے سال نومبر میں ہوں گے اور ٹرمپ وائٹ ہاؤس واپس آنے کے لیے الیکشن میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ٹرمپ موجودہ صدر جو بائیڈن سے گزشتہ صدارتی انتخابات ہارنے کی تردید کرتے رہتے ہیں اور اس بات پر اصرار کرتے رہتے ہیں کہ 2020 کے انتخابی نتائج میں بائیڈن کے حق میں دھاندلی کی گئی تھی۔