مہر نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ وحید جلال زادہ نے کہا ہے کہ کرمان میں شہید قاسم سلیمانی کی برسی کے موقع پر ہونے والے دہشت گردی کے حملے میں ملوث عناصر کے خلاف تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی اور صوبائی حکام سے رابطے کے بعد سیکورٹی اداروں نے حادثے کے بارے میں تحقیقات شروع کردی ہیں۔
انہوں نے تاکید کی کہ اس بزدلانہ واقعے میں ملوث لوگوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ دہشت گرد اور ان کے آقاوں کو میدان جنگ میں شکست ہوگئی۔ اس کے بعد معصوم بچوں اور بے گناہ خواتین کو نشانہ بنانا شروع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی جانب سے ایک وفد کرمان جائے اور آئندہ ہفتے پہلے اجلاس کے دوران اس واقعے کے تحقیقات کے بارے میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔