مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں غاصب اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے تین شہریوں میں سے دو کی شناخت المیادین ٹی وی کی رپورٹر فرح عمر اور کیمرا مین ربیع معماری کے نام سے ہوئی ہے۔
بیروت سے نشر ہونے والے عالمی ٹی وی چینل الميادين نے اسرائیلی بمباری میں اپنی رپورٹر اور کیمرا مین کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے اسرائیل کی بزدلانہ کارروائی کی مذمت کی ہے۔
غزہ میں فلسطینی اتھارٹی کے میڈیا آفس نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ غزہ جنگ کے دوران صحافیوں کے خلاف قابض صیہونی حکومت کے ٹارگٹڈ جرائم کا سلسلہ 7 اکتوبر سے جاری ہے اور شہداء کی تعداد 62 تک پہنچ گئی ہے۔
لبنان اور مقبوضہ فلسطین کی سرحد سے المیادین کی رپورٹر شہید فرح عمر کی آخری رپورٹ
المیادین نیٹ ورک کے ڈائریکٹر: بزدل دشمن نے جان بوجھ کر ہمارے صحافیوں کو نشانہ بنایا
المیادین نیٹ ورک کے ڈائریکٹر غسان بن جدو نے اس نیٹ ورک کے صحافیوں کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے شہداء غزہ میں شہداء کے قافلے میں شامل ہو گئے ہیں۔ بزدل دشمن نے براہ راست ہماری نیوز ٹیم کو نشانہ بنایا ہے، اور میں سمجھتا ہوں کہ بزدل دشمن نے جان بوجھ کر ہمارے صحافیوں کو نشانہ بنایا ہے ۔