اسلامی جمہوریہ ایران اور نائیجر کے وزرائے خارجہ نے تہران میں ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے منگل کے روز اپنے ہم منصب بکارے یاو سانگارے کے ساتھ دو طرفہ اور بین الاقوامی تعلقات کے باہمی دلچسپی کے امور کے ساتھ ساتھ نائجر کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ 

ایرانی وزیر خارجہ نے افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کے اصولی نقطہ نظر کا اظہار کرتے ہوئے فریقین کے مفادات کو فروغ دینے کے مقصد سے مختلف سیاسی، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی شعبوں میں تعاون کے فروغ اور اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔

 امیر عبداللہیان نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اقتصادی تعاون کمیشن کو معاشی ترقی کے لیے ضروری اور موزوں فریم ورک قرار دیتے ہوئے کمیشن کو فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

 انہوں نے مزید امید ظاہر کی کہ اس کمیشن کی تشکیل نو سے تعلقات کو وسعت دینے کی کوششیں میں تیزی آئے گی۔

اس ملاقات میں نائیجر کے وزیر خارجہ باکری یاؤ سنگاری نے مختلف اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی شعبوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلیٰ صلاحیتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کی اپنے ملک کی خواہش کا اظہار کیا۔

 انہوں نے ایران کی صلاحیتوں کو توانائی اور صنعت کے شعبوں میں اپنے ملک کی ضروریات کے مطابق قرار دیتے ہوئے مستقبل قریب میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ترقی اور وسعت کی امید ظاہر کی۔