مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطینی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ صیہونی فوج نے گزشتہ شام حماس اور اسلامی جہاد کے 200 انفراسٹرکچر اہداف پر بمباری کی خبر دی ہے۔ لیکن ان حملوں کے زخمیوں اور شہداء کی شائع شدہ تصاویر نے ایک اور حقیقت کو ثابت کیا ہے وہ یہ کہ صیہونیوں نے ایک بار پھر غزہ میں شہری اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق ان حملوں میں 71 فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔
شہید ہونے والوں میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں۔
یہ ویڈیوز صہیونی رجیم کے دعووں کے برعکس خانیونس اور رفح میں فلسطینی بچوں اور خواتین کے قتل عام کے بارے میں ہیں۔
واضح رہے کہ صیہونی حکومت غزہ کے بچوں کا قتل عام کر رہی ہے جبکہ اس کا دعویٰ ہے کہ اس نے حماس کے بنیادی ڈھانچے پر حملہ کیا ہے لیکن یہ اس طفل کش رجیم کی اپنی کھوکھلی ساکھ بچانے کی ناکام کوشش ہے۔
دوسری طرف فلسطینی وزارت صحت نے ایک بیان جاری کرکے غزہ میں فلسطینی شہداء کی تعداد 2837 اور زخمیوں کی تعداد 12000 تک پہنچنے کی خبر دی ہے۔
حالیہ دنوں میں الاقصیٰ طوفان کارروائی میں فلسطینی مزاحمت کی جانب سے صیہونی فوج کو ذلت آمیز عسکری شکست اور سیکورٹی اور انٹیلی جنس ناکامی سے دوچار کرنے کے جواب میں صیہونی حکومت نے غزہ کی پٹی کے رہائشی اور اہم انفراسٹرکچر کو انتہائی طاقتور میزائلوں اور جدید بموں کے ذریعے وحشیانہ حملوں سے نشانہ بنایا ہے۔