مہر خبررساں ایجنسی نے اسپوٹنک کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اٹلی کے شہر روم میں صہیونی وزیر خارجہ سے خفیہ ملاقات کی روداد سامنے آنے کے بعد لیبیا کے وزیر اعظم عبدالحمید الدبیبہ نے وزیر خارجہ نجلا منقوش کو عہدے سے برطرف کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ صہیونی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کے بارے میں تحقیقات کرکے تین دنوں کے اندر رپورٹ پیش کی جائے۔
حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ صہیونی وزیر خارجہ ایلی کوہن کے ساتھ ملاقات کی تحقیقات مکمل ہونے تک نوجوانوں کے امور کے وزیر عبداللطیف الرنی وزارت خارجہ کا اضافی قلمدان سنبھالیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے صہیونی وزیر خارجہ کے ساتھ خفیہ ملاقات کی خبر انکشاف ہونے کے بعد لیبیا کے مختلف شہروں میں سیاسی پارٹیوں اور عوام نے بڑے پیمانے پر احتجاج کرتے ہوئے صہیونی پرچم کو نذر آتش کیا تھا۔ سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں نے وزیر خارجہ نجلا منقوش کو فوری طور پر برطرف کرنے کا مطالبہ کرکے مواخذہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔