مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین ویب سائٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ لبنان کی اسلامی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے مشرقی لبنان میں دہشت گرد عناصر سے الجرود علاقے کی آزادی کی سالگرہ (2017 میں) کے موقع پر میزائل دفاعی شعبے میں اپنی کامیابیوں کے ایک حصے سے پردہ اٹھایا ہے۔
حزب اللہ کی میزائل کامیابیوں میں سے کچھ کو ایک نمائش میں عوامی مشاہدے کے لیے رکھا گیا ہے جسے حزب اللہ نے مشرقی لبنان کے شہر بعلبک میں بنایا ہے۔
لبنان میں حزب اللہ کی سیاسی کونسل کے سربراہ "ابراہیم امین السید" اور لبنانی عوام کی ایک بڑی تعداد کی موجودگی میں منعقد ہونے والی اس نمائش میں SAM 6 میزائل ڈیفنس سسٹم کے میزائلوں کی نقاب کشائی کی گئی۔
اس نمائش کا کل رقبہ 10,452 مربع میٹر ہے جو کہ علامتی طور پر لبنان کے پورے علاقے کی نمائندگی کرتا ہے۔ اس دفاعی نمائش میں 1982 میں صیہونی فوج کے لبنان پر قبضے کے بعد پسپائی اختیار کرنے کے دوران حزب اللہ کی طرف سے جنگی غنیمت کے طور پر لی گئی 50 بکتر بند گاڑیاں بھی عوامی مشاہدے کے لئے رکھی گئیں۔
2000 میں جنوبی لبنان سے قابض صیہونی افواج کی پسپائی کا باعث بننے والی جنگ اور 2006 کی 33 روزہ جنگ کے آلات بھی عام نمائش کے لئے رکھے گئے تھے۔
لبنان کی حزب اللہ کی سیاسی کونسل کے سربراہ ابراہیم امین السید نے اس نمائش کی افتتاحی تقریب میں اپنے خطاب میں تاکید کی کہ اس قسم کی نمائشوں کے انعقاد سے لبنانی مزاحمت کی کامیابیوں کو یاد رکھنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے تاکید کی کہ یہ سرگرمیاں جعلی صیہونی رجیم کو شکست دینے میں حزب اللہ کی طاقت اور صلاحیت اور غاصب رجیم کی کمزوریوں کو ظاہر کرتی ہیں۔
لبنان کی اسلامی مزاحمت کے ایک افسر نے اس نمائش کے انعقاد کے مقاصد کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس حقیقت کے باوجود ہے کہ اگست کے اوائل میں لبنان کی حزب اللہ نے ثار اللہ نامی اپنے گائیڈڈ میزائل سسٹم کی نقاب کشائی کی، یہ ایک ایسا نظام ہے جسے لبنانی مزاحمت 2015 سے استعمال کرتی آ رہی ہے۔