مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نماز جمعہ تہران کے خطیب حجت الاسلام محمد جواد حاج علی اکبری نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا ارادہ ہے کہ معاشرے میں سکون اور اطمینان کی فضا قائم ہو اور انسان ایک دوسرے سے مطمئن رہیں۔ یہی اجتماعی ذمہ داری کا ایک پہلو ہے۔ قرآن و سنت میں اس نکتے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے کہ معاشرے میں رہتے ہوئے نہ کسی پر ظلم کریں اور نہ کسی کو ظلم کرنے دیں۔ اگر معاشرے میں ظلم ہوجائے تو ہم سب اس کے زمہ دار ہوں گے۔
انہوں نے اربعین حسینی کے موقع پر ہونے والے عظیم اجتماع اور مارچ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ اربعین مارچ باشکوہ تر ہورہا ہے۔ امام حسین علیہ السلام نجات کی کشتی اور ہدایت کے نور کی حیثیت سے انسانیت کے لئے منجی بن کر آخری زمانے کے انسانوں کی پناہ گاہ بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اربعین مارچ کی شان و شوکت میں اضافے کی وجہ سے یہ مارچ اور اجتماع عالمی استکبار اور طاغوت کے لئے ڈراؤنا خواب بن چکا ہے۔ اس اجتماع میں شرکت کرنے والوں کے ساتھ ساتھ زائرین کی خدمت کرنے والوں کا شوق اور عقیدت بھی قابل دید ہے۔ مخیر حضرات موکب لگاکر زائرین کی خدمت رسانی کو اپنے لئے شرف کا باعث سمجھتے ہیں۔
انہوں نے رواں سال کے دوران ملکی سرحدوں اور شہروں میں سیکورٹی کے فرائض انجام دیتے ہوئے شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
حجت الاسلام حاج علی اکبری نے کہا کہ حکومت نے دو سالوں کے دوران انقلاب اسلامی کے تقاضوں سے ہماہنگ اقدامات کئے ہیں۔ عوام سے مسلسل رابطہ، بروقت اقدامات، میدان میں ہمیشہ حاضری اور سادگی صدر رئیسی کی حکومت کے امتیازات میں سے ہیں۔ سخت معاشی پابندیوں اور بحرانی حالات میں اقتدار سنبھالنے کے باوجود موجودہ حکومت نے اچھی کارکردگی ما مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے شنگھائی تعاون کونسل اور اب حال ہی میں برکس میں شمولیت حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی کا مظہر ہے۔