مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسپوٹنک نے سوڈان سے مقامی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ مصر کی ثالثی میں سوڈان کی خانہ جنگی کو روکنے پر مسلح افواج اور پیرا ملٹری فورسز نے اتفاق کیا تھا لیکن ایک دن گزرنے سے پہلے ہی متحارب گروہوں نے خرطوم کے اطراف میں ایک دوسرے کے ٹھکانوں پر شدید حملے کیے ہیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ سوڈانی فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہورہا ہے اور فضائی حملوں کے ساتھ ساتھ بھاری اسلحے بھی استعمال کیے جارہے ہیں۔
خرطوم کے جنوب میں سوڈانی فوج کی چھاؤنی مسلسل حملوں کی زد میں ہے۔ سخت جھڑپوں کی وجہ سے جمعہ کے روز خرطوم کا مواصلاتی نظام کچھ دیر کے لئے معطل ہوگیا۔
فریقین کی جانب سے جاری بیانات میں ایک دوسرے کو بھاری نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔