مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یہ حادثہ چائے کے سرسبز کھیتوں سے مالا مال ناکورو کے جھیل کے کنارے واقع قصبے اور کیریچو کے درمیان ایک ہائی وے پر پیش آیا۔ کنٹینر سے لدی لاری کینیا کی انتہائی مصروف شاہراہ پر تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوگئی تھا۔
مال بردار لاری پہلے کئی گاڑیوں پر چڑھ دوڑی اور اس کے بعد کئی راہگیروں کو کچل دیا۔ 100 کے قریب شدید زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 51 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے میں 30 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے 6 زخمی انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حادثے میں 10 سے زائد کار، منی بس اور موٹر سائیکل تباہ ہوگئیں۔
کینیا میں گزشتہ برس 21 ہزار سے زائد ٹریفک حادثات ہوئے جن میں سے 4 ہزار 690 افراد ہلاک ہوئے۔ کینیا میں ہی 2018 میں ایک بس حادثے میں 50 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے گزشتہ سال ستمبر میں بتایا تھا کہ افریقا میں سڑکوں پر ٹریفک کی اموات کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے جہاں روزانہ 800 سے زائد افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔