مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی نیوز ایجنسی قومی آواز سے نقل کیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی کانگریس سے دوسری مرتبہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب سے کچھ سال قبل جب انہوں نے امریکی کانگریس سے خطاب کیا تھا تو بھارت دنیا کی دسویں بڑی معیشت تھی اور آج وہ دنیا کی پانچویں بڑی معیشت ہے۔ دفاع کے حوالے سے نریندر مودی نے کہا کہ اس صدی کے آغاز پر امریکہ اور بھارت میں اس شعبے میں تعاون بہت ہی کم تھا لیکن آج امریکہ بھارت کا سب سے بڑا دفاعی شراکت دار ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا،"ہمارے دونوں ممالک نے انتہائی اہم شعبوں میں ٹیکنالوجیکل تعاون کا عزم کیا ہے۔" انہوں نے کہا کہ یوکرین میں جنگ یورپ کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے مسائل کے پر امن حل اور ملکوں کی علاقائی سالمیت پر زور دیا۔ "یہ دور جنگ کا دور نہیں ہے بلکہ ڈائیلاگ اور سفارت کاری کا ہے۔"