مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، گزشتہ روز اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ "حسین امیر عبداللہیان" نے ترکی کے نو منتخب فارن منسٹر "ہاکان فیدان" سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔ حسین امیر عبداللہیان نے اس ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں وسعت پر زور دیا۔ اس موقع پر ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے ترکی کے ہم منصب کو نیا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔
انہوں نے اس امر کا اظہار کیا کہ ہاکان فیدان کے دورہ خارجہ میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے ہاکان فیدان کو دورہ تہران کی دعوت دی اور دوطرفہ تعلقات میں وسعت کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے پر زور دیا۔ حسین امیر عبداللہیان نے علاقائی مسائل میں ایران و ترکی کے مابین ہم آہنگی کو اہم شمار کیا اور علاقائی میکانزم بنانے پر زور دیا۔
دوسری جانب ترک وزیر خارجہ نے حسین امیر عبداللہیان کے مبارک بادی پیغام پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے دوطرفہ اور علاقائی معاملات میں ایران و ترکی کے درمیان ہونے والے مذاکرات اور ہم آہنگی کی جانب اشارہ کیا۔ ہاکان فیدان نے اپنے دورہ خارجہ میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ پہلی فرصت میں تہران کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے نومنتخب ترک صدر کی جانب سے ایران کے صدر کو سلام بھیجا اور رجب طیب اردگان کی تقریب حلف برداری میں ایران کے نائب صدر "محمد مخبر" کی شرکت کو سراہا۔ یاد رہے کہ اسنیچر کے روز رجب طیب اردگان نے تیسری مرتبہ صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی نئی کابینہ کا اعلان کیا۔ جس میں ترک انٹیلیجنس چیف ہاکان فیدان کو "مولود چاووش اوغلو" کی جگہ نیا وزیر خارجہ مقرر کیا گیا۔