الخلیل اور دیگر علاقوں میں صہونیوں کی جارحیت کے بعد القدس بریگیڈ نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے جنین میں صہیونی آبادیوں پر فائرنگ کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے خبر دی ہے کہ تحریک جہاد اسلامی فلسطین کی مسلح ونگ القدس بریگیڈ نے جنین میں واقع صہیونی آبادی میراف میں جوابی کاروائی کرتے ہوئے صہیونیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا ہے۔

القدس بریگیڈ نے اس حوالے سے ایک مختصر بیان میں کہا ہے کہ اللہ کی مدد سے القدس بریگیڈ کے خصوصی دستے نے صہیونیوں کی آبادی والے علاقے میراف میں فائرنگ کرکے کامیاب جوابی کاروائی کی ہے۔ کاروائی کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

القدس بریگیڈ نے بیان میں تاکید کی ہے کہ صہیونیوں کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی اور کامیابی یا شہادت تک یہ سلسلہ جاری رہے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے مغربی کنارے میں واقع نور شمس کیمپ پر صہیونی دہشت گرد فورسز کے حملے کے نتیجے میں فلسطینی جوانوں کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئی تھیں۔ مختلف علاقوں میں جھڑپوں کے دوران صہیونی فورسز نے متعدد فلسطینی جوانوں کو گرفتار کیا ہے۔