ترکیہ میں صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آج ووٹنگ جاری ہے جہاں صدر رجب طیب اردوان اور کمال کلیچ داراوگلو کے درمیان مقابلہ ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے TRT کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پولنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق پہلے مرحلے میں صدر اردوان کو 49.5 جبکہ کمال کلیچ داراوگلو کو 44.9 فیصد ووٹ حاصل ہوئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق 5 فیصد سے زائد ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر آنے والے سینان اوعان صدر اردوان کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ ترکیہ میں 14 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ 90 فیصد رہا تھا تاہم کسی بھی امیدوار کے 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرنے کے باعث صدر کا فیصلہ نہ ہوسکا تھا اور انتخابی عمل دوسرے مرحلے میں داخل ہوا۔

واضح رہے کہ ترکیہ میں ہر 5 سال بعد انتخابات ہوتے ہیں۔