باخبر سفارتی ذرائع کے مطابق، عمان کے بادشاہ کا حالیہ دورۂ قاہرہ ایران اور مصر کے درمیان ثالثی کیلئے تھا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بعض باخبر سفارتی ذرائع ابلاغ نے عمان کے سلطان اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ ملاقات تہران اور قاہرہ کے تعلقات کے حوالے سے کی گئی تھی۔

ذرائع نے نیو عرب کو بتایا کہ اب، قاہرہ ایک بار پھر تہران کے ساتھ سفارتی تعلقات کی سطح کو بڑھانے اور تہران میں اپنا سفیر تعینات کرنے کا خواہاں ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ عمان کے سلطان کا دورۂ مصر اور السیسی کے ساتھ ان کی ملاقات جلد ہی ایران اور مصر کے تعلقات میں اہم سنگِ میل قرار پا سکتی ہے۔

اس سے قبل 15 مئی کو ایرانی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے رکن فداحسین مالکی نے کہا تھا کہ ایران اور مصر سفارتی تعلقات کی بحالی اور اپنے اپنے سفارت خانے دوبارہ کھولنے کے راستے پر ہیں۔