مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس نیوز سے نقل کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت بہت کمزور ہوچکی ہے اور بظاہر مارشل جیسی صورتحال ہے۔ میرا کہنے کا مطلب یہ ہے کہ ملک کو آرمی چیف چلا رہا ہے۔ ملک میں جمہوریت کا مستقبل روشن ہے کیونکہ 70 فیصد ووٹ بینک رکھنے والی پارٹی کو ایسے اقدامات سے نہیں روکا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ تشدد ہو تو حکومت کو کریک ڈاؤن کا بہانہ مل جاتا ہے ہمیشہ اپنے کارکنوں کو پرامن رہنے کی تلقین کی ہے۔ بڑے ووٹ بینک والی پارٹیوں کو امن اور الیکشن چاہیے ہوتے ہیں۔ تشدد کا راستہ وہ اختیار کرتے ہیں جو الیکشن سے خوف زدہ ہوں۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت مجھے کسی بھی مقدمے میں گرفتار کرسکتی ہے۔ میری گرفتاری کا بڑا امکان ہے۔ موجودہ چیف سے بھی میرا کوئی اختلاف نہیں لیکن وہاں سے کوئی اختلاف ہے تو وہ ہی بتا سکتے ہیں۔ میں فوج پر تنقید اس طرح کرتا ہوں جیسے بچوں پر تنقید کرتا ہوں جس کا مقصد اصلاح کرنا ہوتا ہے۔