مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی ترقیاتی بینک نے 12 مئی کو جدہ میں 2023 آئی ایس ڈی بی گروپ کے سالانہ اجلاس کے موقع پر 17ویں عالمی اسلامی مالیاتی فورم کے اجلاس کی میزبانی کی۔
جدہ اکنامک فورم میں شرکت کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایرانی وزیر خزانہ احسان خاندوزی نے کہا کہ اسلامی ترقیاتی بینک کے ساتھ اچھے معاہدے ہوئے اور کئی سالوں سے زیرالتوا تعمیراتی اور سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سفر میں ہم نے اقتصادی سفارت کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا اور صدر ابراہیم رئیسی کی حکومت کی پڑوسی اور علاقائی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات پر مبنی پالیسی کو آگے بڑھایا۔ دورے میں ہم اپنے اقتصادی شراکت داروں کے ساتھ تعمیری مذاکرات کرنے میں کامیاب ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ایران اور عمان کے درمیان دوطرفہ مذاکرات ہوئے۔ علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات اور عراق کے ساتھ بھی مختلف امور پر مثبت مذاکرات ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی ہم منصب کے ساتھ ایک تعمیری ملاقات بھی ہوئی، جس میں سعودی حکام نے زور دیا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان سیاسی تعلقات کی بحالی کے بعد اقتصادی تعلقات میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔
ایرانی وزیر خزانہ نے کہا کہ ان کی سربراہی میں ایرانی اقتصادی وفد نے سعودی فریق کے ساتھ "مناسک حج کے عمل کو آسان بنانے، بینکنگ کے مسائل اور پروازوں کے مسائل کے حل کرنے کے ساتھ ساتھ ایرانی تاجروں کے سفر کے بارے میں بات چیت کی اور سعودی عرب کی جانب سے حوصلہ افزا جواب ملا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فریقین نے فیصلہ کیا ہے کہ اگلے تین ماہ کے اندر دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے وفود اور دونوں طرف کی کمپنیوں کے سی ای اوز کے درمیان تعمیری ملاقاتیں ہوں گی تاکہ نجی شعبوں کے درمیان معاہدے ہوسکیں۔
مذاکرات کے دوران فریقین نے سرمایہ کاری کے لئے تجاویز پیش کیں اور اسے اگلے مراحل میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا۔