مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطینی نیوز ویب سائٹ شہاب کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فلسطینیوں نے اب سے کچھ دیر پہلے، آج علی الصبح غاصب صہیونی حکومت کے حملوں میں شہید ہونے والے شہداء کے جسد خاکی کی تشییع جنازہ اور تدفین کا عمل شروع کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، شہداء کی تشییع جنازہ میں فلسطینی عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے غاصب صہیونی حکومت کی جارحیت کی مذمت کی۔
واضح رہے کہ فلسطینی وزارت صحت نے ایک بیان میں، آج صبح غزہ میں غاصب صہیونی فوجیوں کی غیر انسانی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ان حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 13 تک پہنچ گئی ہے اور ان شہیدوں میں چار بچے اور چار خواتین بھی شامل ہیں۔ ان حملوں میں کم از کم 20 افراد زخمی ہوئے ہیں، تاہم ان میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔