ایس جے شنکر نے کہا کہ ہندوستان نے جمعہ کے روز سوڈان میں پھنسے شہریوں کو نکالنے کے لئے 'آپریشن کاویری' آپریشن ختم کردیا اور ہندوستانی فضائیہ کا آخری طیارہ 47 مسافروں کے ساتھ وطن واپس آگیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بتایا کہ ہم نے سوڈان سے تقریباً 4000 ہندوستانیوں کو محفوظ طریقے سے نکالا ہے۔ 'آپریشن کاویری' ایک بہت ہی چیلنجنگ ریسکیو آپریشن تھا۔ ہمارے سفارت خانے کے افسران نے بے مثال ہمت اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر ہندوستانیوں کو نکالا۔ ہندوستان نے فوج اور نیم فوجی دستوں کے درمیان پرتشدد جھڑپوں کے بعد سوڈان سے اپنے شہریوں کو نکالنے کے لیے 24 اپریل کو آپریشن کاویری شروع کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا، ’’بیرون ملک تمام ہندوستانیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کا عزم ہماری تحریک ہے۔

وزیر خارجہ ایس۔ جے شنکر نے کہا کہ جمعہ کو ہندوستانی فضائیہ کے سی130 طیارے کی آمد کے ساتھ ہی 'آپریشن کاویری' کے ذریعے تقریباً 4000 لوگوں کو سوڈان سے نکالا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی فضائیہ نے 17 اڑانیں چلائیں اور ہندوستانی بحریہ نے ہندوستانیوں کو پورٹ سوڈان سے سعودی عرب کے جدہ لے جانے کے لئے پانچ اڑانیں چلائیں۔

جے شنکر نے بتایا کہ 86 ہندوستانیوں کو سوڈان کی سرحد سے ملحق ممالک سے لایا گیا تھا۔ انہوں نے سوڈان سے لائے گئے ہندوستانیوں کی میزبانی کرنے اور انخلاء کے عمل میں مدد کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ بھی ادا کیا۔