متحدہ عرب امارات، تاجیکستان، بھارت، قازقستان اور لیبیا کے سربراہان مملکت نے عید فطر کے موقع پر اپنی اور اپنے عوام کی طرف سے ایران کے صدر آیت اللہ رئیسی اور عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بھارت کے وزیر اعظم نے عید فطر کی مناسبت سے ایرانی عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔ نریندر مودی نے صدر رئیسی نے نام ایک پیغام میں دنیا میں بسنے والے مختلف مکاتب فکر کے لوگوں مخصوصا ایرانی عوام کے لیے امن، سکون اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

تاجیکستان کے صدر نے بھی صدر آیت اللہ رئیسی کے نام پیغام میں ان کو اور ایرانی قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔ امام علی رحمان نے عید فطر کے موقع پر دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری اور مسلمان اقوام کے مستقبل کے بارے میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

متحدہ عرب امارات کے صدر اور اعلی حکومتی اہلکاروں نے صدر رئیسی کے نام پیغام میں ان کو اور ایرانی قوم کو عید کی مبارک باد پیش کی ہے۔ صدر محمد بن زاید النہیان، نائب صدر محمد بن راشد آل مکتوم اور دیگر اعلی حکام نے اپنے اپنے پیغامات میں عید فطر کے دن مسلمان اقوام کے لئے خیر و برکت کی آرزو کی۔

قازقستان کے صدر نے بھی تہنیتی پیغام میں اپنی اور قازقستانی عوام کی جانب سے صدر رئیسی اور ایرانی عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے سربلندی اور کامیابی کی دعا کی۔
لیبیا کی صدارتی کونسل کے سربراہ محمد یونس المنفی نے بھی عید فطر کے موقع پر صدر رئیسی کو تہنیتی پیغام بھیجا۔