مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی مومن اور عظیم قوم نے آج پورے ملک میں عید الفطر کی نماز نہایت شان و شوکت سے ادا کی اور عید الفطر کے مبارک دن کو " شکر اور سرافرازي " کے جشن کے طور پر منایا، اس معنوی اور قومی شان و شوکت کا نقطہ عروج، تہران کی نماز عید تھی جہاں لاکھوں فرزندان توحید نے مصلائے امام خمینی (رہ)میں رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی کی امامت میں نماز عید فطرادا کی۔
رہبر معظم انقلاب نے نماز عید کے خطبوں میں، دنیا کے تمام مسلمانوں بالخصوص ایران کی بہادر اور غیور قوم کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عید کو رمضان المبارک کے مبارک مہینے کی نعمتوں اور برکتوں کے شکرانے کا موقع قرار دیا۔