پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سوڈان میں موجود پاکستانیوں سے رابطے میں ہیں اور انہیں گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ سوڈان میں اس وقت 1500 سے زائد پاکستانی موجود ہیں، جو بالکل محفوظ ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق خرطور میں قائم سفارت خانے کا عمہ واٹس ایپ کے ذریعے پاکستانیوں سے رابطے میں ہیں اور انہیں لمحہ بہ لمحہ حالات سے واقفیت دیتے ہوئے ہدایت دے رہا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سوڈان سے پاکستانیوں کے انخلا میں مشکلات کا سامنا ہے، ہوائی اڈوں کو جانے والے راستے محفوظ نہیں، پاکستانیوں کی سلامتی وتحفظ اور جلد انخلاء کے معاملے پر دوست ممالک اور اقوام متحدہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یقین ہے کہ سوڈان کے حکام پاکستانیوں کی سلامتی و تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کریں گے۔

دریں اثنا وزیراعظم کی ہدایت پر سیکرٹری خارجہ نے پاکستان میں سوڈان کے سفیر سے ملاقات کی۔ مذید برآں سیکرٹری خارجہ نے سوڈان میں پاکستانی سفارتخانے کے ساتھ آن لائن اجلاس بھی منعقد کیا اور درپیش صورتحال پر بات چیت کی۔