ایرانی فوج کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر نے مہر نیوز سے گفتگو میں مسلح افواج کو ایران کے اسلامی نظام کا مضبوط ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوج نے ہمیشہ وطن اور قوم کی خدمت میں قابل فخر کارنامے انجام دئے ہیں۔

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے مسلح افواج کے دن کے موقع پر مہر نیوز سے گفتگو کی۔ انہوں نے مسلح افواج کو ایران کے اسلامی نظام کا مضبوط ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوج نے ہمیشہ وطن اور قوم کی خدمت میں قابل فخر کارنامے انجام دئے ہیں۔ انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت مسلح افواج کے سپرد کی گئی ہے جس کو ادا کرنے میں ایران کی افواج نے کبھی دریغ سے کام نہیں لیا ہے۔

ایڈمرل سیاری نے فوجی مشقوں کے بارے میں کہا کہ پورے سال کے دوران مختلف نوعیت کی مشقیں ہوتی رہتی ہیں لیکن ذوالفقار مشق وسیع پیمانے پر ہونے کی وجہ سے اس میں فوج کی طاقت اور توانائی کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔ مسلح افواج ملک کے خلاف ہونے والی ہر سازش اور مکروہ عزائم کو ناکام بنانے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ زلزلے اور سیلاب جیسے قدرتی آفات کے دوران بھی مسلح افواج نے حکومت کے شانہ بشانہ متاثرین کی خدمت کی ہے۔ مسلح افواج اور عوام کا رشتہ نہایت مضبوط ہے لہذا مشکل گھڑی ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

جدید ہتھیاروں کی شمولیت کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے فوج کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر نے کہا کہ ان ہتھیاروں کے بارے میں ہم مناسب وقت پر تفصیلات فراہم کریں گے۔ کچھ دن بعد فوجی مشقیں شروع ہوں گی جوکہ حسب سابق تہران اور دوسرے صوبائی مراکز میں انجام دی جائیں گی۔

انہوں نے فوجی مشقوں کے بارے میں کہا کہ اس سال کی مشقیں ماہ رمضان میں ہونے کی وجہ سے فوج کے پیدل دستے حصہ نہیں لیں گے۔ گاڑیوں میں سوار اہلکار اسی طرح فضائیہ اور بحریہ کے مختلف دستے وسیع پیمانے پر ہونے والی مشقوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔