صہیونی ٹی وی چینل کی جانب سے ہونے والے سروے میں بڑی تعداد میں صہیونیوں نے نتن یاہو کو کمزور اور ان کی کابینہ کو بدترین قرار دیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے شہاب نیوز ویب سائٹ کے حوالے خبر دی ہے کہ صہیونی ٹی وی چینل 12 نے انتہاپسند وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو کی کابینہ کے سو روز مکمل ہونے پر ایک سروے کیا جس میں دائیں بازو کے انتہاپسندوں پر مشتمل کابینہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

سروے کے مطابق 69 فیصد صہیونیوں نے نتن یاہو کی کابینہ کو بدترین قرار دیا۔ وزیراعظم نتن یاہو کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر 67 فیصد نے ان کو کمزور اور ناتوان کہا۔ سروے میں شامل افراد میں سے 53 فیصد نے کہا کہ نتن یاہو کی کابینہ اپنی چار سالہ مدت پوری کرنے کی توانائی نہیں رکھتی ہے لہذا جلد برخاست کی جائے گی۔

اپوزیشن رہنما اور نتن یاہو کے سب سے بڑے مخالف یائیر لاپیڈ نے تاکید کی کہ موجودہ کابینہ نے اپنی حکومت کے ابتدائی سو دنوں کے اندر غاصب اسرائیل کو داخلی بحران سے دوچار کیا جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بحران اسرائیلی تاریخ کا سب سے بڑا بحران ہے جس کی وجہ سے صہیونی معاشرہ تباہی سے نزدیک ہورہا ہے۔