مہر خبررسا٘ں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے انسانی حقوق کونسل کے 52 ویں اجلاس میں پیش کی جانے والی قرار داد کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کونسل کی ایران مخالف تعصب اور سیاسی مفادات پر مبنی قرارداد کو مسترد اور ایران کے خلاف مبصر کی تعییناتی کی شدید مذمت کرتا ہے۔
ناصر کنعانی نے تاکید کی کہ قرارداد کے نکات کو مغربی ممالک کی حمایت سے ایران میں انسانی حقوق کے حوالے سے ہونے والی ترقی اور پیشرفت کو نظرانداز کرنے کی غرض سے لکھایا گیا ہے۔ تعصب پر مبنی اور زمینی حقائق کے برعکس ہونے کی وجہ سے قرارداد کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔
ترجمان نے بعض رکن ممالک کی طرف سے اقوام متحدہ کو ذاتی مفادات کے لئے استعمال کرنے کی روایت کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اہداف کے لئے انسانی حقوق جیسے اہم معاملات کو استعمال کرنا نہایت افسوسناک امر ہے۔ انسانی حقوق کونسل اقوام متحدہ کا اہم ذیلی ادارہ ہے۔ اس پلیٹ فارم کو مختلف حکومتوں کے درمیان انسانی حقوق کے معاملات پر گفتگو اور تعاون کے لئے استعمال کرنا چاہئے۔ مغربی ممالک کی جانب سے ادارے کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال سے اس کے فیصلوں کی اہمیت میں کمی واقع ہوئی ہے۔