مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ٹوئیٹر کے صفحے پر لکھا ہے کہ شام اور عرب ممالک کے درمیان تعلقات بحال ہونے کی وجہ سے اسرائیل کو صدمہ ہورہا ہے۔ مغربی ایشیا میں امن و امان کی بحالی کے لئے ہونے والی سفارتی کوششوں کے بعد اسرائیل کے تخریبی اقدامات بڑھ جاتے ہیں۔ اپنا ناپاک وجود برقرار رکھنے کے لئے صہیونی ریاست خطے میں بدامنی اور فسادات کا بازار گرم رکھنا چاہتی ہے۔
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں شام اور عرب ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کے آثار نمودار ہونے سے صہیونی حکومت کی پریشانیوں کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ صہیونی اخبار "معاریو" نے شام اور عرب ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کو "جدید مشرق وسطی" سے تعبیر کیا ہے۔