ماہ رمضان المبارک کے آغاز پر بھارتی وزیر اعظم مودی اور کانگریس کے اہم لیڈران نے مبارک باد پیش کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے آغاز پر بھارتی وزیر اعظم مودی اور کانگریس کے اہم لیڈران نے مبارک باد پیش کی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو رمضان کے مقدس مہینے کے آغاز کے موقع پر ہم وطنوں کو مبارکباد دی۔ نریندر مودی نے آج ٹوئٹ کیا ’’رمضان کے آغاز پر مبارکباد۔ خدا کرے یہ مقدس مہینہ ہمارے معاشرے میں مزید اتحاد اور ہم آہنگی لے کر آئے اور غریبوں کی خدمت کی اہمیت کو بھی یقینی بنائے۔

کانگریس پارٹی کی جانب سے بھی مقدس ماہِ رمضان کی مبارک باد پیش کی گئی ہے۔ پارٹی کے ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا ’’اس مبارک موقع پر ہم آپ سب کی اچھی صحت اور خوشحالی کی خواہش کرتے ہیں۔ رمضان مبارک!‘‘

راہل گاندھی نے ماہ رمضان کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے لکھا ’’یہ بابرکت مہینہ سب کے لیے محبت، خوشی اور یکجہتی لے کر آئے۔

پرینکا گاندھی نے لکھا ’’آپ سب کو رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ رمضان بہت بہت مبارک ہو۔ اللہ کرے یہ مقدس مہینہ سب کی زندگیوں میں خوشیاں، برکتیں اور سکون لے کر آئے۔

رمضان المبارک امت مسلمہ کے لیے مقدس ترین مہینہ ہے۔ اس پورے مہینے میں لوگ طلوع آفتاب سے غروب آفتاب تک روزہ رکھتے ہیں۔ رمضان المبارک کو اسلامی کیلنڈر کا نواں اور برکتوں کا مہینہ کہا جاتا ہے۔ رمضان کا یہ مہینہ کبھی 29 تو کبھی 30 دنوں کاہوتا ہے۔