حوزہ علمیہ قم کے قیام کے سوسال مکمل ہونے پر ایران کلچرل ہاوس دہلی میں ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد ہوا۔جس میں سرزمین ایران اور ہندوستان کے مایہ ناز علماء کرام نے حوزہ علمیہ قم کے ماضی اور حال کے شاندار تاریخی خدمات اور کارکردگی پر روشنی ڈالی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے مقامی میڈیا سے نقل کیاہےکہ حوزہ علمیہ قم کے قیام کے سوسال مکمل ہونے پر ایران کلچرل ہاوس دہلی میں ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد ہوا۔جس میں سرزمین ایران اور ہندوستان کے مایہ ناز علماء کرام نے حوزہ علمیہ قم کے ماضی اور حال کے شاندار تاریخی خدمات اور کارکردگی پر روشنی ڈالی ۔اس کانفرنس میں حوزہ علمیہ قم سے آئے ہوئے مہمان علماء کرام اور دانشوروں کے ہمراہ ہندوستان کے جید علماء کرام نے بھی شرکت کی ۔

کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا اس کے بعد حوزہ علمیہ قم کے بانی حضرت آیت اللہ شیخ عبدالکریم حائری کی شخصیت اور حوزہ علمیہ قم کے قیام، خدمات اور اہمیت پر مبنی ایک ویڈیو کلیپ دکھائی گئی ۔

اس کے بعد حوزہ علمیہ ایران کے سرپرست آیت اللہ اعرافی کا ہندوستان کے علماء اور طلاب کے نام تفصیلی پیغام حجت الاسلام عالمی زادہ نے پیش کیا ۔

استقبالہ خطبہ میں رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے ہندوستان میں موجود نمائندے حجت الاسلام مھدی مھدوی پور نے حوزہ علمیہ قم کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے ہندوستان کے حوزات علمیہ اور مدارس دینی کے حوالہ سے ایک سیر حاصل گفتگو کی ۔

انکے بعد حوزہ علمیہ قم کے ادارہ تہذیب کے ڈائریکٹر حجت الاسلام عالمی زادہ نے حوزہ کے خدمات اور کارکردگی پر رپورٹ پیش کی جس میں انہوں نے حوزہ علمیہ قم کے مختلف شعبہ جات سے علماء کرام کو آگاہ کیا۔

بعدہ جامعہ المصطفی العالمیہ کے ہندوستان میں موجود نمائندہ حجت الاسلام شاکری نے ہندوستان کے قدیم حوزات علمیہ کی تعریف و تمجید کرتے ہوئے کہا کہ علماء کرام ان حوزات کو دوبارہ احیا کرنے کی کوشش کریں۔انکے بعد حجت الاسلام والمسلمن آقای ٖعسکری ، اور حجت الاسلام محسن تقوی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ نور سافٹ ویئر کے نمایندہ نے نور کے استعمال اور اس کے فوائد کی جانب علماء اور طلاب کو اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہندوستان کے علماء اور طلاب کے لئے یہ سافٹ ویئر بطور ہدیہ دینا چاہیں گے تاکہ اس اسلامی معارف خزانہ سے ہر کوئی فیضیاب ہوسکے۔

آخر میں ایران کلچرل ہاوس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر علی ربانی نے بھی ایران سے تشریف لائے مہمان علماء کرام اور ہندوستان کے مختلف ریاستوں سے تشریف لائے علماء کرام کا خیرمقدم کرتے ہوئے علماء کے تبلیغی اور فرہنگی کردار پر روشنی ڈالی ۔اس کانفرنس کی نظامت جناب ڈاکٹر مہدی باقر خان کررہے تھے ۔

واضح رہے کہ یہ کانفرنس دفتر نمایندگی ولی فقیہ ہندوستان ، دفتر نمایندگی جامعہ المصطفی العالمیہ ہندوستان، ایران کلچرل ہاوس دہلی نو اور معاونت بین المللی حوزہ علمیہ قم کی شراکت میں منعقد ہوا ہے ۔

کانفرنس کے آخر میں دفتر نمایندگی ولی فقیہ کی جانب سے امام مہدی (عج) کے بارے میں لکھی گئی چند کتابوں کی رسم اجرا عمل میں آئی ۔