مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران، چین اور روس مشترکہ بحری مشقیں میری ٹائم سیکورٹی بیلٹ2023 آج رات شمالی بحر ہند میں شروع ہوں گی جبکہ قزاقستان اور پاکستان کے اہلکار مبصر کی حیثیت سے موجود ہوں گے۔
مشقوں کے ترجمان اور ایرانی فوج کے نیول آپریشنز کے نائب سربراہ ریئر ایڈمرل مصطفیٰ تاج الدینی نے اعلان کیا کہ ایران، روس اور چین کی بحری افواج آج رات سے 'میری ٹائم سیکیورٹی بیلٹ2023' کے نام سے مشترکہ مشقیں شروع کریں گی۔
ریئر ایڈمرل مصطفی تاج الدینی نے کہا کہ ایرانی فوج اور پاسداران انقلاب کی نیول فورسز کے دستوں کے علاوہ چینی اور روسی یونٹ بھی مشقوں میں حصہ لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا یہ ایران، روس اور چین کی یہ چوتھی مشترکہ مشقیں ہیں اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ 'میری ٹائم سیکیورٹی بیلٹ2023' مشترکہ مشقیں "ایک دوسرے کے ساتھ، امن اور سلامتی کے لیے" کے نعرے کے تحت 17 ہزار مربع کلومیٹر کے علاقے میں انجام دی جا رہی ہیں جن کا پیغام امن اور دوستی ہے۔
ایڈمرل تاج الدینی نے مزید کہا کہ یہ مشقیں شمالی بحر ہند میں طے شدہ علاقوں میں انجام دی جائیں گی اور ان کا مقصد خطے میں سیکیورٹی اور اس کی بنیادوں کو مستحکم کرنا، تینوں ممالک کے درمیان جامع اور کثیر الجہتی تعاون کو فروغ دینا اور
عالمی امن، میری ٹائم سیکورٹی اور مشترکہ مستقبل کی حامل ایک میری ٹائم کمیونٹی کے قیام کی حمایت کے لیے تینوں ملکوں کی نیک نیتی اور مطلوبہ صلاحیت کا اظہار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سمندری تجارت کی سیکورٹی کو مضبوط بنانا، بحری قزاقی اور بحری دہشت گردی کا مقابلہ کرنا، بشر دوستانہ اقدامات، میری ٹائم ریسکیو کے شعبے میں معلومات کا تبادلہ اور آپریشنل اور ٹیکٹیکل تجربات کا تبادلہ ان مشقوں کے دیگر اہداف میں شامل ہیں۔
ایرانی فوج کے نیول آپریشنز کے نائب سربراہ نے زور دے کر کہا کہ سیکیورٹی تعطل پذیر چیز نہیں اور سیکیورٹی کو بہتر بنانے کی مشقیں بھی تعطل پذیر نہیں ہیں۔ اسی لیے ملک میں [سب سے بڑے قومی تہوار] نوروز کی آمد کے با وجود ہم نے مشقوں کو بند نہیں کیا اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ مشقیں پہلے سے طے شدہ سیناریوز کی تمام شرائط کا لحاظ رکھتے ہوئے مکمل طور پر سمندری احتیاطی تدابیر کے ساتھ انجام پائیں گی۔