بندر عباس- آج صبح ایک تقریب کے دوران سپاہ پاسداران کے بحری بیڑے میں عظیم الجثہ جنگی جہاز شہید مہدوی اور منفرد نوعیت کی 95 میزائل لانچر کشتیوں سمیت 110 اسپیڈ بوٹس شامل کی گئیں۔  

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آج صبح ﴿جمعرات 9 مارچ﴾ کو ایران کے جنوبی شہر بندر عباس میں ایک تقریب کے دوران سپاہ پاسداران انقلاب کے بحری بیڑے میں ایک نیا عظیم الجثہ جنگی جہاز شہید مہدوی اور منفرد نوعیت کی 95 میزائل لانچر کشتیوں سمیت 110 اسپیڈ بوٹس شامل کی گئیں۔  
تقریب میں سپاہ پاسداران انقلاب کے چیف کمانڈر جنرل حسین سلامی اور بحریہ کے سربراہ ایڈمرل علی رضا تنگسیری بھی شریک تھے۔   
سپاہ پاسداران کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل تنگسیری نے تقریب سے خطاب کے دوران سپاہ پاسداران کی بحری جنگی طاقت کی سطح میں بہتری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عاشورا اور طارق کلاس کی ڈسٹرائر کشتیوں کو اپ گریڈ کر کے راکٹ لانچر سے میزائل لانچر میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ یہ کام اپنی نوعیت میں منفرد ہے اور دنیا میں تقریباً پہلی مرتبہ انجام پایا ہے۔ ان ڈسٹرائر کشتیوں پر نصب میزائلوں کی رینج 10 سے 180 کلومیٹر تک ہے۔  
ایڈمرل تنگسیری نے کہا کہ نئے بحری جہازوں اور کشتیوں کی شمولیت سے سپاہ پاسداران کی بحری افواج نمایاں طور پر مضبوط ہوں گی اور یہ پیش رفت بحری جنگی طاقت کی سطح کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم اور موثر قدم ثابت ہوگا۔ 
سپاہ پاسداران کی بحریہ کے سربراہ نے "شہید عبداللہ قربانی" نامی لاجسٹک بحری جہاز اور عظیم الجثہ اوشین لائنر "شہید نادر مہدوی" کی بحری بیڑے میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوشین لائنر شہید مہدوی ایک بھاری اور کثیر المقاصد جہاز ہے جو ہیلی کاپٹر، ڈرون، تیز رفتار ڈسٹرائر اور میزائل ڈیفنس سسٹم کی مختلف اقسام کو لے جانے اور چلانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔  
انہوں نے مزید کہا کہ شہید مہدوی اوشین لائنر مقامی طور پر تیار کردہ جہاز ہے جسے ایران کے نوجوان عسکری ٹیکنیشنز نے ڈیزائن اور تیار کیا ہے۔ اس کا وزن 25 لاکھ ٹن سے زیادہ ہے جبکہ لمبائی 240 میٹر اور چوڑائی 27 میٹر ہے۔ جہاز میں تھری ڈی فیزڈ ارے ریڈار، سطح سے سطح، سطح سے فضا میں مار کرنے والے میزائل، انتہائی جدید الیکٹرونک وارفیئر، 3خرداد یونیفائیڈ ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم اور 700 کلو میٹر سے زیادہ کی رینج والے سمندری کروز میزائل نصب کیے گئے ہیں جبکہ اس میں ہیلی کاپٹر، ڈرونز اور آپریشنل جہاز لے جانے کی صلاحیت بھی ہے۔  
ایڈمرل تنگسیری نے کہا کہ شہید مہدوی اوشین لائنر ایک طرح کا موبائل نیول بیس یا موبائل میری ٹائم سٹی ہے اور تمام ضروری آلات اور سہولیات کے ساتھ سپاہ پاسداران کی بحری افواج کو بین الاقوامی پانیوں میں طویل فاصلے کے مشنوں میں جہاز رانی کرنے کی صلاحیت فراہم کرے گا۔  
 

لیبلز