مہر خبررساں ایجنسی نے اسپوتنک نیوز ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اتوار کو میانمار کی سرحد کے ساتھ واقع بنگلہ دیش کے ضلع کاکس بازار میں روہنگیا مہاجرین کے گنجان آباد کیمپس میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔آتشزدگی کے نتیجے میں 2000 سے زائد کیمپس اور ان میں موجود سامان جل کر خاکستر ہوگیا اور ہزاروں افراد کھلے آسمان تلے آنے پر مجبور ہوگئے۔ بنگلہ دیش کی فائر سروس کے عہدیدار عماد الحق کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں اور نہ ہی آگ لگنے کی وجہ سامنے آسکی ہے۔
بنگلہ دیش کی وزارت دفاع کی گزشتہ ماہ جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جنوری 2021 سے دسمبر 2022 کے درمیان روہنگیا کیمپوں میں آتشزدگی کے 222 واقعات ہوئے ہیں۔ مارچ 2021 میں بستی کے ایک کیمپ میں آگ لگنے سے کم از کم 15 افراد جاں بحق اور تقریباً 50,000 بے گھر ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ کاکس بازار کے اس پناہ گزین کیمپ کو دنیا کا سب سے بڑا مہاجر کیمپ کہا جاتا ہے جہاں میانمار کے روہنگیا مسلمان رہتے ہیں جو اپنے ملک میں بدھ مت کے پیروکاروں کے بدترین مظالم اور فوجی کریک ڈاؤن کے بعد جان بچاکر بنگلہ دیش میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے تھے۔