راولپنڈی میں سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری، آزاد خارجہ پالیسی، بیرونی مداخلت کے خاتمے، آئین کی حکمرانی، قانون کی بالادستی اور عوامی حقوق کی جدوجہد میں ایم ڈبلیو ایم ہر اول دستہ ثابت ہو گی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے جیل بھرو تحریک میں رضاکارانہ طور پر گرفتاری دے دی۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے دیگر ساتھیوں سمیت راولپنڈی میں گرفتاری دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری، آزاد خارجہ پالیسی، بیرونی مداخلت کے خاتمے، آئین کی حکمرانی، قانون کی بالادستی اور عوامی حقوق کی جدوجہد میں ایم ڈبلیو ایم ہر اول دستہ ثابت ہو گی۔

خیال رہے کہ پنڈی سے تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری اور فیاض الحسن چوہان نے جیل بھرو تحریک میں گرفتاری دی تاہم مندرہ کے مقام پر فیاض الحسن چوہان اور دیگر 50 کارکنوں کو قیدی وین سے اتاردیا گیا۔

کل شام کو مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کا حصہ بننے کا اعلان کرتے ہوئے کل راولپنڈی میں ساتھیوں کے ہمراہ گرفتاری دینے کا اعلان کیا تھا۔

اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئین کی بالادستی، قانون کی بالادستی اور عوامی حقوق کی جدوجہد کے لئے انشاءاللہ کل راولپنڈی میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ جیل بھرو تحریک کا حصہ بنتے ہوئے خود گرفتاری پیش کرونگا، مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے اپنے دوستوں کے ساتھ راولپنڈی میں گرفتاری دوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک بدترین دور سے گزر رہا ہے، الیکشن میں تاخیری حربے عوام کے حق پر ڈاکا ڈالنا ہے، پاکستان کے عوام یہ برداشت نہیں کریں گے، جیسے ستر کی دھائی میں ملک ٹوٹا، پھر ملک کو انہیں حالات کی جانب دھکیلا جا رہا ہے، جنہوں نے بھی وطن توڑنے میں حصہ ڈالا تھا وہ وطن کے غدار تھے۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ لوگ چپ تھے بے خبر تھے اور وطن ٹوٹ گیا، آج اگر کوئی نوشتہ دیوار نہیں پڑھ سکتا تو وہ اندھا ہے، کورٹس پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم اس رستے میں ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مسلکی تقسیم کو ہوا دی جا رہی ہے اور یہ ہم نہیں ہونے دیں گے، قائداعظم نے مسلم پاکستان بنایا تھا اس کا گلا گھونٹا جا رہا ہے، متنازعہ فوجداری ترمیمی بل 2021ء قومی اسمبلی سے پاس کرکے ملک کو نوے کی دہائی میں دھکیلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم اپنے قانونی حق کو پریکٹس کریں گے، ہم ظالموں کے خلاف کھڑے ہونگے، ہم اپنے لاپتہ اسیران کے لئے گرفتاری دیں گے، ملک میں لاقانیونیت کرپشن اور ظلم کے خلاف گرفتاری پیش کریں گے، خوف کا بت ٹوٹ چکا ہے اور عوام کی خاطر گرفتاری دیں گے۔

جیل بھرو تحریک میں گرفتاری دینے پر علامہ راجہ ناصر عباس کے مشکور ہیں، عمران خان

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں سابق وزیراعظم نے ایم ڈبلیو ایم قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جیل بھرو تحریک میں ہمارا ساتھ دینے اور خاص طور پر راولپنڈی میں خود کو گرفتاری کیلئے پیش کرنے پر ہم مجلسِ وحدت مسلمین اور علامہ راجہ ناصر عباس کے نہایت مشکور ہیں۔