ایران میں امام خمینیؒ کے فتویٰ پر عمل درآمد کروانے والی فاؤنڈیشن نے سلمان رشدی پر حملہ کرکے اس کی ایک آنکھ اور ایک بازو کو ناکارہ کرنے والے 24 سالہ امریکی نوجوان کو ایک ہزار مربع زرعی زمین بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سید روح اللہ خمینی کے فتووں کو نافذ کرنے والی فاؤنڈیشن کے سیکرٹری محمد اسماعیل زاری نے امریکی نوجوان 24 سالہ ہادی معطر کو ایک ہزار مربع زرعی زمین بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

محمد اسماعیل زاری نے کہا کہ نوجوان کے حملے کے بعد ملعون سلمان رشدی کی حالت اب مردے سے بھی بدتر ہے۔ وہ چلتی پھرتی لاش بن گیا ہے۔ اس لیے نوجوان کو امام خمینیؒ کے فتوے پر عمل کرنے پر انعام سے نواز رہے ہیں اور ہم انکا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ایرانی فاؤنڈیشن کے سیکرٹری نے مزید کہا کہ نوجوان ہادی مطر کے حراست میں ہونے کی وجہ سے ان کے اہل خانہ میں کوئی یا ان کے وکیل اس انعام کو وصول کرسکتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس اگست میں نیوجرسی سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان نے ایک تقریب میں ملعون سلمان رشدی پر چاقو سے حملہ کیا تھا جس میں ملعون کی ایک آنکھ ضائع اور ایک بازو ناکارہ ہوگیا۔

یاد رہے کہ حضرت امام خمینیؒ نے 33 سال قبل کتاب شیطانی آیات میں گستاخیٔ رسالت کا مرتکب ہونے پر ملعون سلمان رشدی کے قتل کا فتویٰ دیا تھا اور انعام کا اعلان بھی کیا تھا۔