مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، شام کے زلزلہ زدگان کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی بشر دوستانہ امداد لے جانے والا چھٹا کارگو طیارہ جمعے کے دن شام کے شہر لاذقیہ کے بین الاقوامی ایئر پورٹ پہنچ گیا۔ لاذقیہ میں ایران کے ثقافتی مشیر علی رضا فدوی نے کہا کہ یہ کارگو طیارہ حالیہ دنوں میں لاذقیہ ایئرپورٹ پر اترنے والا دوسرا کارگو طیارہ ہے جو شمال مغربی شام کے زلزلہ زدگان کے لیے 19 ٹن امدادی سامان اور انسان دوستانہ امداد لے کر آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کارگو میں 5 ٹن کھجوریں، 269 کارٹن بچوں کے فارمولے، 5 ٹن چاول، 500 گدے، 90 خیمے اور خوراک شامل ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے فضائی امداد کے دو کارگو دمشق اور دو کارگو حلب بھیجے گئے تھے جبکہ لاذقیہ کے لیے اس دوسرے کارگو کے ساتھ گزشتہ تین دنوں کے دوران ایران کی جانب سے شام بھیجے گئے کارگو طیاروں کی تعداد چھ ہوگئی ہے۔
در ایں اثنا جمعرات کے روز ایرانی فوج کی بری افواج کے کمانڈر جنرل کیومرث حیدری نے کہا کہ 50 بستروں پر مشتمل موبائل ہسپتال کا سامان اور 70 طبی اور امدادی عملے کو فوج اور آئی آر جی سی کے طیاروں کے ذریعے ترکیہ بھیجا گیا ہے۔
ترکیہ کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی طور پر قائم کیے جانے والے 50 بستروں پر مشتمل اس اسپتال میں آپریٹنگ روم، فارمیسی، لیبارٹریز وغیرہ سمیت مختلف حصے شامل ہیں۔