وینزویلا کے دارالحکومت کراکس کی ایک سڑک کنارے دیوار میں شہید جنرل قاسم سلیمانی کی پینٹنگ بنائی گئی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غیر ملکی میڈیا نے بتایا ہے کہ وینزویلا کے دارالحکومت کراکس کی ایک سڑک کنارے دیوار میں شہید جنرل قاسم سلیمانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی پینٹنگ بنائی گئی ہے جس میں وینزویلا کے آنجہانی صدر ہیوگو شاویز کے ساتھ شہید سلیمانی کی تصویر دیکھی جاسکتی ہے جبکہ ایران اور وینزویلا کے پرچم بھی بنائے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کراکس میں ایران کے سفیر حجت سلطانی نے وینزویلا کے مصور نیلسن سانتانا کی جانب سے پینٹنگ بنانے کے موقع پر دنیا کے سامنے ایران اور وینزویلا کے درمیان انقلابی رابطوں کو مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ وینزویلا ہیروز کی سرزمین، حریت پسند سائمن بولیوار کی سرزمین اور اس ملک کے لازوال رہنما ہیوگو رافیل شاویز کی سرزمین ہے۔

دوسری جانب وینزویلا کی پارلیمنٹ کے نمائندے اور  ایران وینزویلا پارلیمانی دوستی گروپ کے سربراہ پیدرو انفانتے نے مشترکہ دشمن یعنی امریکی سامراج، کے خلاف جنگ میں ایرانی عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعلان کیا اور اس بات پر زور دیا کہ جنرل سلیمانی کو قتل کرنے کے لیے جو ڈرون استعمال کیے گئے وہی ڈرونز ہیں جن سے وہ صدر نکولس مادورو کو قتل کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔