فلسطینی ذرائع نے 2022 کے آخر میں دنیا بھر میں فلسطینیوں کی آبادی کے اعدادوشمار بیان کئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطینی نیوز ایجنسی معا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فلسطینی سینٹرل اسٹیٹسٹکس اتھارٹی نے 2022 کے آخر میں دنیا بھر میں فلسطینیوں کی آبادی کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق فلسطین میں 5.4 ملین افراد رہتے ہیں جن میں سے ایک تہائی سے زیادہ غزہ کی پٹی میں، 1948 کی سرزمین میں تقریباً  1.7 ملین، عرب ممالک میں 6.4 ملین اور عرب دنیا سے باہر کے ممالک میں 7 لاکھ 61 ہزار فلسطینی آباد ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس بات کے پیش نظر کہ 2022 کے آخر تک یہودیوں کی آبادی 7.1 ملین تک پہنچ جائے گی، یہ کہا جا سکتا ہے کہ فلسطین کی تاریخی سرزمین میں فلسطینیوں اور یہودیوں کی آبادی برابر ہو گئی ہے۔

مذکورہ رپورٹ کے مطابق فلسطینی باشندوں میں سے 38 فیصد کی عمریں 14 سال سے کم ہیں اور 65 سال سے زائد عمر کے افراد کی تعداد 2022 کے آخر تک فلسطینیوں کی کل آبادی کے 3 فیصد تک پہنچ جائے گی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلسطینی آبادی ایک نوجوان آبادی ہے۔

علاوہ از ایں ان اعدادوشمار کی بنیاد پر فلسطین میں خاندان کے افراد کی اوسط تعداد 2010 میں 6 افراد سے 2021 میں 5 افراد تک پہنچ گئی ہے۔