سلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ نے ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر سے ملاقات کی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ نے ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر سے ملاقات کی۔ اور ملکی سیاسی و مذہبی صورتحال سمیت دیگر  قومی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے جے یو پی کے انٹرا پارٹی انتخابات میں علامہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر کو بلا مقابلہ مرکزی صدر ، ڈاکٹر جاوید اعوان کو سینئر نائب صدر اور پیر صفدر شاہ گیلانی کو سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

ملاقات میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے ملکی سیاسی اور امن و امن کی صورتحال میں کردار کو مذید متحرک کرنے پر اتفاق پایا گیا اور اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ ملک میں نفاق کے بجائے اتحاد کی سیاست کو فروغ دیا جانا ناگزیر ہے جس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنی اپنی اناوں کو بالائے طاق رکھ کر ملک کی سیاسی، مذہبی، معاشی، تعلیمی اور امن و امان کے مخدوش صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے متحدہ کاوشیں کرنا ہونگیں جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ملی یکجتی کونسل پاکستان کے مرکزی رہنماوں نے وطن عزیز پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو آئین کے مطابق انتہائی جان فشانی سے اپنے اپنے امور انجام دینے پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور زہرا اکیڈمی پاکستان کے سربراہ علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سربراہ کو اکیڈمی کی جانب سے ربا سے متعلق شائع شدہ تحقیقی کتاب بھی پیش کی۔