مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق الفرات نیوز نے خبر دی ہے کہ اب سے کچھ دیر پہلے اردن کے دار الحکومت اومان کے مغربی علاقے بحر المیت میں واقع شاہ حسین کنونشن سینٹر میں بغداد 2 کانفرنس شروع ہوچکی ہے۔
خیال رہے کہ اومان میں ہونے والی کانفرنس درحقیقت اس کانفرنس کا دوسرا ایڈیشن ہے جو اگست 2021 میں بغداد میں منعقد ہوئی تھی۔
کانفرنس میں یورپی یونین، فرانس اور علاقائی عرب ممالک کے وفود کے سمیت ایران، سعودی عرب اور ترکی کے وفود شرکت کر رہے ہیں۔
اس علاقائی کانفرنس میں ایرانی وفد کی سربراہی وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہ کر رہے ہیں۔
کانفرنس کے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے کہا کہ ہم عراق کی سلامتی اور خودمختاری کو برقرار رکھنے اور علاقائی سلامتی کو مضبوط بنانے کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس اجلاس کا انعقاد عراق کے اہم کردار پر تاکید ہے۔ عراق کا استحکام خطے کا بنیادی ستون ہے۔