پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی منگلا میں تقریر کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر کے ساتھ تکرار ہوگئی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف منگلا میں ڈیم کے یونٹ 5 اور 6 کی ریفربشمنٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پرخطاب کررہے تھے کہ کوہستان میں بجلی منصوبے کا اعلان کرنے پر وزیراعظم آزاد کشمیر کے ساتھ تکرار ہو گئی۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے وزیراعظم کی تقریر کے دوران بولنے کی کوشش کی، جس پر شہباز شریف نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بیٹھ  جائیں، بعد میں بات کریں گے، تاہم وزیراعظم آزاد کشمیر خاموش نہ ہوئے۔

دونوں وزرائے اعظم کے مابین تکرار کی ویڈیوز سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وائرل ہو گئیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے منع کرنے کے باوجودوزیراعظم آزاد کشمیر خاموش نہ ہوئے اور انہوں نے احتجاجاً اپنی بات جاری رکھنے کی کوشش کی، جس پر شہباز شریف نے انہیں دوبارہ کہا کہ ’’بات کریں گے آپ سے‘‘۔

شہباز شریف نے اپنی تقریر دوبارہ شروع کی تو وزیراعظم آزاد کشمیر پھر بول پڑے، جس پر شہباز شریف نے انہیں کہا کہ ’’پلیز، میری بات سنیں، آزاد کشمیر کے لیے ، آپ سے بات کریں گے، وزیراعظم صاحب، آپ بیٹھیں، آپ سے بات کریں گے‘‘۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی تقریر کے دوران نام لیے بغیر پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’تعمیر و ترقی عمل سے ہوتی ہے، نعروں سے اور دھرنوں سے نہیں ہوتی، اور خرابی سے نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں سیاسی استحکا م پیدا نہیں ہوگا، ترقی اپنا سفر جاری نہیں رکھ سکتی۔ اس لیے نعرے نہ لگائیں بلکہ اپنے عمل سے قوم پر اپنی کارکردگی ثابت کریں ‘‘۔