پاکستانی صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے علیحدہ علیحدہ الوداعی ملاقاتیں کی ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ پاکستانی صدر ڈاکٹر عارف علوی نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ صدر مملکت  کی  جانب سے جنرل قمر جاوید باجو ہ کی ملک اور پاک فوج کے لیے خدمات کی تعریف کی گئی۔ انہوں نے ریٹائر ہونے والے آرمی چیف کی دفاعی شعبے میں خدمات کو سراہا۔

بعد ازاں آرمی چیف نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نئے آرمی چیف کے لیے کمان تبدیلی کی خصوصی تقریب کل 29 نومبر بروز منگل صبح 9 بجے منعقد ہو گی۔ تقریب میں نئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پاک فوج کی کمان سنبھالیں گے۔

ریٹائر ہونے والے جنرل قمر جاوید باجوہ خصوصی تقریب میں پاک فوج کی کمان نئےآرمی چیف کے حوالے کریں گے۔ اس موقع پر تمام مسلح افواج کے سربراہان، اعلیٰ سول اور فوجی افسران تقریب میں شریک ہوں گے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزرا، سفارتکار ، اعلیٰ شخصیات اور صحافی بھی تقریب میں مدعو کیے گئے ہیں۔اس موقع پر نئے آرمی چیف کو سلامی پیش کی جائے گی۔