مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام حسین علیہ السلام کی دختر گرامی حضرت رقیہ (سکینہ)کا حرم شام میں ہے۔ کچھ ایرانی ماہر کاریگروں کی تیار کردہ نئی ضریح کی تنصیب کا کام شروع کردیا گیا ہے۔
نئی ضریح کے اخراجات ایک ایرانی مخیر نے ادا کئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حرم حضرت رقیہ کی ضریح مبارک کو کچھ ایرانیوں اور حرم کے خادمین نے مل کر الگ کیا تا کہ اس کی جگہ نئی ضریح نصب کی جاسکے۔
ضریح کے مختلف حصوں کو ایران کے شہر قم میں تیار کیا گیا اور پھر شام منتقل کیا گیا۔
حرم حضرت رقیہ (س) کے ایک ایرانی خادم سید محمد میری نے کہا کہ ضریح ایران کے شہر قم میں تیار کی گئی ہے جس کے اخراجات ایک ایرانی مخیر نے اٹھائے ہیں جبکہ کچھ شہداء کی والدہ نے بھی چونکہ نذر کی ہوئی تھی، لہذا مخیر شخص کی رضامندی سے ضریح میں استعمال ہونے والے سونے کی کچھ مقدار کو ان تین شہدا کی والدہ نے عطیہ کیا۔