اجراء کی تاریخ: 13 نومبر 2022 - 15:34

انگلینڈ نے پاکستان کو ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، میلبرن میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے فائنل میں انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، قومی ٹیم کے اوپنرز ابتداء سے ہی پریشانی کا شکار نظر آئے، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز اسکور کیے۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا آغاز بھی اچھا نہ رہا، اوپنر ایلکس ہیلز ایک رن بناکر جلد وکٹ گنوا بیٹھے، کپتان جوز بٹلر نے 26، فل سالٹ 10 اور ہیری بروکس 20 رنز بناسکے تاہم مڈل آرڈر میں بین اسٹوکس نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور محمد وسیم جونئیر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں قومی ٹیم کے اوپنرز ناکام رہے جبکہ مڈل آرڈر بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا، کپتان بابراعظم 32 اور شان مسعود 38 رنز بناکر نمایاں رہے، دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان 15، محمد حارث 8، شاداب خان 20، محمد نواز 5، محمد وسیم جونئیر 4، افتخار احمد صفر پر پویلین لوٹے۔

انگلینڈ کی جانب سے سیم کرن نے 3، عادل راشد اور کرس جورڈن نے 2، 2 جبکہ بین اسٹوکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کا اسکواڈ

کپتان بابراعظم، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف

انگلینڈ کا اسکواڈ:

کپتان جوز بٹلر، ایلکس ہیلز، فل سالٹ، بین اسٹوکس، ہیری بروک، لیام لیونگ اسٹون، معین علی، سیم کرن، کرس جارڈن، کرس ووکس اور عادل رشید