مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی میڈیا سے نقل کیاہےکہ بھارتی دارالحکومت دہلی میں منگل کو فضائی آلودگی کی سطح انتہائی خراب ریکارڈ کی گئی ۔ دہلی میں دیوالی کے بعد سے فضا مستقل آلودہ ہے اور اس کے لئے پرالی جلائے جانے کو ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے مطابق، آج صبح 8.30 بجے دہلی میں فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی سنگین رہی۔ کئی علاقوں میں ہوا کے معیار کی سطح 400 ریکارڈ کی گئی۔ وہیں نریلا میں اے کیو آئی 571 کی خطرناک سطح ریکارڈ کی گئی ہے۔ آئی ٹی او پر اے کیو آئی 441، راج پتھ پر 417 اور مندر مارگ میں 352 تھا۔ دریں اثنا، فصل کی کٹائی کے بعد پرالی جلانے کے معاملات میں اضافہ فضائی آلودگی کی سطح کو بڑھا سکتا ہے۔
آلودگی کی سطح بڑھنے سے لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔ دہلی اور این سی آر میں تین دنوں سے اسموگ اور دھند کی ایک تہہ نظر آرہی ہے اور فی الحال راحت کی کوئی امید نظر نہیں آرہی ہے۔
اس خراب ہوتی آلودگی کی وجہ سے سانس کی بیماری کی شکائتیں بڑھ رہی ہیں اور جو لوگ پہلے سے سانس کی بیماری سے پریشان ہیں ان کی تکلیف میں اضافہ ہو رہا ہے۔