مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ پاکستانی معروف صحافی ارشد شریف کی میت نجی ایئرلائن کے ذریعے کینیا سے براستہ دوحا اور پھر اسلام آباد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچائی گئی جہاں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میت کو وصول کیا۔ میت وصولی کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ کے کارگو ٹرمینل پر ارشد شریف کے اہل خانہ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری، مراد سعید اور صحافی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق ارشد شریف کی نماز جنازہ جمعرات کو دوپہر 2 فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی جبکہ اسلام آباد ایچ الیون میں اُن کی تدفین کی جائے گی، متوفی کی والدہ کو چہرے کا دیدار کرانے کے بعد میت کو اسپتال منتقل کیا جائے گا جہاں قانونی کارروائی کے بعد اسے مردہ خانے میں رکھا جائے گا۔
ایئرپورٹ پر میت پہنچنے پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور وہاں موجود ہر شخص کی آنکھیں نم اور لہجہ غمزہ تھا، ارشد شریف کے اہل خانہ غم سے چور نظر آرہے تھے۔