مہر خبررساں ایجنسی نے عالمی میڈیا سے نقل کیاہےکہ روس کے شہر ایثیویکس میں مسلح شخص نے ایک اسکول میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کرکے 9 افراد کو قتل کردیا اور پھر خود بھی خودکشی کرلی۔
روسی میڈیا کے مطابق ایثیویکس کے ایک اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں 9 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 5 طلبا، 2 اساتذہ اور 2 سیکیورٹی گارڈ شامل ہیں۔
فائرنگ کی اطلاع ملنے پر پولیس اور سیکورٹی حکام موقع پر پہنچ گئے اور اسکول کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس کی آمد پر حملہ آور نے خود کو بھی گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال فائرنگ کے واقعے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔