مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق چین کی جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ رواں سال کے پہلے 8 مہینوں میں چین کی ایران کے ساتھ تجارت گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 19 فیصد بڑھی اور 11.16 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
گزشتہ سال جنوری سے اگست تک دونوں ممالک کے درمیان لین دین کی مالیت 9.344 بلین ڈالر تھی۔
تفصیلات کے مطابق 2022 کے پہلے 8 مہینوں میں چین کی ایران سے درآمدات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 14 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 4.9 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ سال اسی عرصے میں چین نے ایران سے 4.3 بلین ڈالر کی اشیا درآمد کی تھیں۔
2022 کے جنوری سے اگست تک ایران کو چین کی برآمدات میں بھی 24 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا اور یہ 6.2 بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔ چین نے گزشتہ سال جنوری اور اگست کے درمیان ایران کو 5 بلین ڈالر مالیت کا سامان برآمد کیا۔
2022 کے پہلے 8 ماہ میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا پلڑا چین کے حق میں 1.268 بلین ڈالر بھاری رہا۔
رپورٹ کے مطابق اگست میں چین نے ایران کو 1.1 بلین ڈالر مالیت کی اشیا برآمد کیں اور ایران سے 476 ملین ڈالر کی اشیا درآمد کیں۔ رواں ماہ چین کی ایران کو برآمدات میں 36 فیصد اضافہ ہوا ہے تاہم اگست 2021 کے مقابلے ایران سے ملک کی درآمدات میں 33 فیصد کمی آئی ہے۔